خبرنامہ انٹرنیشنل

نیوزی لینڈ میں 7.8 شدت کے زلزلے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری

کرائسٹ چرچ : (ملت+اے پی پی) نیوزی لینڈ میں 7.8 شدت کے زلزلے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ساحلی علاقے کائی کورا میں پھنسے 1200 سیاحوں کو ہیلی کاپٹرز کی مدد سے نکالنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید زلزلے کے باعث بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کائی کورا کا ملک کے دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا جس کی وجہ سے وہاں مقیم 2 ہزار شہری اور 1200 سیاح پھنس گئے تھے۔ حکام کے مطابق سیاحوں کو ملٹری ہیلی کاپٹر کی مدد سے نکالا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق امدادی کارروائیوں میں امریکا اور جاپان کی فوج بھی معاونت فراہم کرے گی۔ نیوزی لینڈ کے وزیراعظم جان کی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سیاحوں اور شہریوں کو بحفاظت نکالنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور 4 فوجی ہیلی کاپٹر پھنسے افراد کو کرائسٹ چرچ کے قریب محفوظ مقام پر منتقل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زلزلے سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ کئی ارب ڈالر تک پہنچ سکتا ہے تاہم پہلی ترجیح متاثرہ علاقے میں کھانے پینے کی اشیاء اور کیمیکل ٹوائلٹس سمیت اشیائے ضروریہ کی فراہمی، براستہ سڑک رسائی، پھنسے ہوئے سیاحوں کو نکالنا اور صفائی کا کام ہے۔