خبرنامہ انٹرنیشنل

نیویارک: کشمیرمیں مظالم کیخلاف انڈین مشن کےسامنےاحتجاجی مظاہرہ

نیویارک: (اے پی پی) نیویارک میں مقیم کشمیری اور پاکستانی کیمونٹی نے انڈین مشن کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت کے خلاف نعرے درج تھے ۔ اس احتجاجی مظاہرے میں خالصتان کے حامی سکھوں کی بھی ایک بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی ۔ بچوں اور خواتین نے ہاتھوں میں کشمیری اور پاکستانی پرچم تھام رکھے تھے۔ مظاہرین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کوئی نظم و نسق کا مسئلہ نہیں اور نہ ہی کوئی اقتصادی نوعیت کا مسئلہ ہے ، بلکہ یہ ایک دیرینہ اور انسانی مسئلہ ہے جس کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ہونا چاہئیے ۔ راجہ رزاق کا کہنا تھا کہ برہان وانی کی شہادت کا حساب بھارت کو دینا ہو گا ۔ شفیق صدیقی نے غیر ملکی میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیر میں انسانی بربریت کا عالمی برادری کو سخت نوٹس لینا چاہئیے ۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون کو ہنگامی بنیادوں پر مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنا چاہیئے اور بھارت کو پابند بنانا چاہیئے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی خون بہانا بند کرئے ۔ سینکڑوں کی تعداد میں مظاہرین بیک آواز نعرہ لگا رہے تھے کہ ” ہم چھین کے لیں گے آزادی ، کشمیر بنے گا پاکستان “۔