خبرنامہ انٹرنیشنل

نیٹوکےساتھ تعاون مشروط ہوگا؛ ڈونلڈ ٹرمپ

نیو یارک: (اے پی پی) امریکا کے ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو کے ساتھ تعاون کو مشروط کر دیا ہے۔اخبار نیویارک ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نیٹو کے کسی رکن ملک پر حملے کی صورت میں مدد سے قبل اس بات کا تعین کریں گے کہ آیا جس ملک پر حملہ ہوا ہے اس نے امریکا کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کی ہیں یا نہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ نیٹو کے رکن ممالک پر زور دیں گے کہ وہ اس دفاعی اتحاد کے اخراجات کا اتنا ہی بوجھ برداشت کریں جتنا امریکا برداشت کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بذات خود جن معاہدوں کو قبول نہیں کرتے انہیں منسوخ کرکے امریکا کے ساتھ شراکت داری کی نئے سرے سے تعریف کریں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہاگر میں میکسکو اور کینیڈا کے ساتھ امریکا کے آزاد تجارتی معاہدے کی شرائط بہتر بنانے کے لیے کامیاب مذاکرات نہ کر سکا تو اس معاہدے کو پھاڑ دوں گا۔ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر وہ امریکا کے صدر منتخب ہو گئے تو ترکی اور دیگر ممالک کی حکومتوں کو اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف کریک ڈاون سے روکنے کیلئے دباؤ نہیں ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو دیگر ممالک کے رویوں کو درست کرنے کے بجائے اپنے مسائل سے چھٹکارا پانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔