خبرنامہ انٹرنیشنل

نیٹو اتحاد اب ناکارہ نہیں رہا، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن (ملت آن لائن + آئی این پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اتحادیوں میں خدشات پیدا کرنے والا بیان واپس لیتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹو اتحاد اب ناکارہ نہیں رہا۔امریکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہا ؤس میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز سٹوٹینبرگ سے ملاقات میں امریکی صدر نے کہا کہ دہشت گردی کے خطرات نے اس اتحاد کی اہمیت کو کم کر دیا تھا۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا میں نے کہا تھا کہ یہ ناکارہ تھا تاہم اب یہ ناکارہ نہیں ہے۔امریکی صدر نے بارہا نیٹو اتحاد کے مقاصد پر سوال اٹھایا تھا اور وہ ہمیشہ اس اتحاد کے لیے امریکہ کی ادائیگیوں کو غیر منصفانہ قرار دیتے رہے ہیں۔نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز سٹوٹینبرگ کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس میں امریکہ صدر نے کہا ہمارے درمیان کافی تعمیری گفتگو ہوئی ہے کہ کس طرح نیٹو دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے مزید اقدامات کر سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا میں نے ان سے شکایت کی ہے کہ طویل عرصہ قبل انھوں نے ایک تبدیلی لائی تھی اب انہیں شدت پسندی کے خلاف لڑنا ہوگا۔میں نے کہا یہ نیٹو ناکارہ تھا لیکن اب یہ ناکارہ نہیں رہا۔یاد رہے کہ امریکی نائب صدر مائیک پینس نے میونخ میں ہونے والی سکیورٹی کانفرنس سے خطاب میں کہا تھا کہ امریکہ کا نیٹو کے ساتھ تعاون ‘اٹل’ رہے گا تاہم دیگر رکن ملک مشترکہ دفاع کا پورا خرچ برداشت نہیں کر رہے۔صدر ٹرمپ نے اقتدار سنبھالنے سے پہلے خبردار کیا تھا کہ امریکہ نیٹو میں شامل اتحادی ملکوں کا دفاع کرنے کا وعدہ نہیں نبھائے گا کیوں کہ وہ زیادہ مالی تعاون نہیں کر رہے۔