خبرنامہ انٹرنیشنل

نیٹو طیارے داعش کی فضائی نگرانی کریں گے

برسلز:(اے پی پی) معاہدہ شمالی اوقیانوس کی تنظیم نیٹو نے عراق اور شام میں داعش کے خلاف جنگ میں اپنی شراکت میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے جدید طیارے اس جنگجو تنظیم کی سرگرمیوں کی فضائی نگرانی کر سکتے ہیں۔نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹنبرگ نے برسلز میں ایک نیوز کانفرنس میں بتایا ہے کہ اواکس طیارے نیٹو کے علاقے اور بین الاقوامی فضائی حدود میں پروازیں کرسکتے ہیں اور اس طرح وہ جہادی گروپ کے خلاف جنگ میں مدد دیں گے۔انھوں نے مزید بتایا ہے کہ ”ہم نے وزیراعظم حیدرالعبادی کی عراق میں تربیتی مشن کو توسیع دینے کے بارے میں درخواست پر غور کیا ہے اور ہم نے جلد سے جلد ایک جائزہ مشن عراق بھیجنے سے اتفاق کیا ہے”۔واضح رہے کہ نیٹو کے افسر اس وقت اردن میں عراقی افسروں کو تربیت دے رہے ہیں۔اواکس طیاروں پر طاقتور راڈار نصب ہیں اور وہ ان کی مدد سے سیکڑوں کلومیٹر دور تک فضائی نگرانی کرسکتے ہیں۔وہ بمباری سمیت دوسری فضائی کارروائیاں بھی کرسکتے ہیں۔فروری میں اتحاد نے داعش کے خلاف جنگ میں فضائی نگرانی کے لیے اواکس طیارے مامور کرنے سے متعلق امریکا کی درخواست سے اصولی اتفاق کیا تھا۔اس سمجھوتے کے تحت نیٹو کے طیارے امریکا اور اتحاد کے طیاروں کی داعش کے ٹھکانوں کے بارے میں انٹیلی جنس معلومات اکٹھی کرنے کی غرض سے معاونت کریں گے۔