خبرنامہ انٹرنیشنل

نیپال بیلٹ و روڈ منصوبے کے فریم ورک کے تحت چین کیساتھ تعاون میں اضافہ کریگا

کٹھمنڈو (ملت + آئی این پی) نیپالی صدر بدیا دیوی بھنڈاری نے چین کے بیلٹ و روڈ منصوبے کے فریم ورک کے تحت چین کے ساتھ تعاون میں اضافہ کرنے کا وعدہ کیا ہے ، نیپال کے دورے پر آئے ہوئے چین کے وزیر دفاع اور مرکزی کابینہ کے رکن چانگ وان کوآن سے کو گذشتہ روز ملاقات کے دوران بھنڈاری نے کہا کہ نیپال اور چین صدیوں سے اچھے ہمسائے ممالک اور پارٹنر رہے ہیں ، دونوں ممالک کے دوران حالیہ برسوں میں اعلیٰ سطح پر تبادلے کے دورے ہوئے ہیں جس نے سیاست ، تجارت اور دفاع جیسے شعبوں میں تعاون اور تبادلوں میں اضافہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیپال بیلٹ و روڈ منصوبے کے فریم ورک کے تحت چین کے ساتھ عملی تعاون کو فروغ دینے کے لئے مشترکہ کوششیں کرنے پر تیار ہے تا کہ دونوں ممالک کے عوام مستفید ہو سکیں ،چانگ نے چین کے’’ بنیادی مفاد‘‘ مسائل پر چین کی حمایت کرنے پر نیپال کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ چین بیلٹ و روڈ منصوبے کو آگے بڑھانے ، دفاعی و سلامتی تعاون میں اضافے اور اپنی افواج کے مراسم کو بلند سطح پر لے جانے کے لئے نیپال کے ساتھ تعاون کرنے پر آمادہ ہے ۔ نیپال کے وزیر اعظم پشپا کمال داحل نے چینی وزیر دفاع کے ساتھ ملاقات کے دوران دوستی ، خلوص ، باہمی مفاد اور مشمولیت پر مشتمل چین کی ہمسائیہ سفارتکاری کو سراہا اور تعلقات کو مزید فروغ دینے کا وعدہ کیا ۔ انہوں نے نیپال کی سماجی و اقتصادی ترقی اور قومی دفاع بالخصوص 2015ء میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد تعمیر نو کے لئے امداد پر چین کا شکریہ ادا کیا ۔