خبرنامہ انٹرنیشنل

نیپال میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے 24 افراد ہلاک ، 30 زخمی،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

کھوٹنگ/ کھٹمنڈو (آئی این پی)مشرقی نیپال میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے 24 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے ،بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیاگیاہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثہ مقامی وقت صبح آٹھ بجے ضلع کھوٹانگ میں پیش آیا جہاں مسافر وں سے بھر ی کھٹمنڈوجانیوالی بس ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہونے کے بعد پہاڑی سڑک سے پھسل کر 150 میٹر گہری ایک کھائی میں جا گری ۔وزارت صحت کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ حادثے میں 24 افراد ہلاک اور 31 زخمی ہوئے ہیں جن میں 7 خواتین اور ایک پانچ سالہ بچہ بھی شامل ہے ۔لاشوں اورزخمیوں کو ضلعی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیاگیاہے جبکہ حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔واضح رہے کہ نیپال میں ہرسال ڈرائیوروں کی لاپروائی اور سڑکوں کی خراب صورتحال کے باعث سینکڑوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔