کھٹمنڈو:(آئی این پی) نیپال میں نجی کمپنی کا چھوٹا مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں جہاز میں سوار 21 ہلاک ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تارا ایئر لائنز کا چھوٹا مسافر بردار طیارہ 21 مسافروں کے ہمراہ نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو کے مغرب میں واقع سیاحتی مقام پوکھرا سے جومسوم کی جانب سفر کر رہا تھا کہ لینڈ کرنے سے قبل ہمالیہ کے بلند و بالا پہاڑی علاقے میں پہنچنے پر طیارے کا رابطہ کنٹرول ٹاور سے منقطع ہو گیا۔ نیپالی حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ طیارے کی تلاش کے دوران طیارے کا ملبہ ملا ہے جس کے بعد خدشہ ہے کہ طیارے میں سوار تمام مسافر ہلاک ہو گئے ہیں۔ طیارے میں 2 غیرملکی باشندے اور بچے بھی سوار تھے۔ نیپال طیاروں کے حادثات کے حوالے سے سر فہرست ہے، نیپال میں پہلی بار 1949 میں طیارے نے لینڈ کیا تھا اور اس کے بعد سے اب تک وہاں 70 حادثات ہو چکے ہیں جن میں 700 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔