خبرنامہ انٹرنیشنل

نیپال نے بھارتی پیش کش مسترد کردی

نیپال

نیپال نے بھارتی پیش کش مسترد کردی

لاہور:(ملت آن لائن)نیپال نے بھارت کی جانب سے دنیا کی سب سے بلند چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کی دوبارہ پیمائش کی پیش کش مسترد کر دی۔ 2015 میں آنے والے خطرناک زلزلے کے بعد بھارت نے نیپال کی حکومت کو ماؤنٹ ایورسٹ کو مشترکہ طور پر دوبارہ ناپنے کی پیش کش کی تھی۔ تاہم نیپال کی حکومت نے بھارت کی پیش کش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم یہ کام خود سے کر لیں گے۔ نیپال کے سروے ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل گنیشن بھٹا کا کہنا ہے کہ ماؤنٹ ایورسٹ کی اونچائی ناپنے کے لیے بھارت اور چین سے ڈیٹا کے حوالے سے مدد ضرور لی جائے گی۔ گنیش بھٹا نے بتایا کہ بھارت سے ڈیٹا لیولنگ جب کہ چین سے ڈیٹا گریوٹی کے حوالے سے مدد کی درخواست کی گئی ہے، کیونکہ ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی کی پیمائش کے لیے ڈیٹا بہت ضروری ہے اور دنیا کی سب سے بلند چوٹی کی پیمائش کا عمل 2019 میں مکمل ہو گا۔ بھارت کے سروئیر جنرل گرش کمار کی جانب سے بھی اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ نیپال نے بھارت کی جانب سے دنیا کی سب سے بلند چوٹی کی دوبارہ پیمائش کی پیش کش کو مسترد کر دیا ہے۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا نے نیپال کی جانب سے پیش کش مسترد کیے جانے کو چین کی سازش قرار دے دیا ہے۔ یاد رہے کہ اپریل 2015 میں نیپال میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں تقریباً 8000 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہو گئے تھے۔ اس زلزلے کے بعد سائنسی حلقوں کی جانب سے ماؤنٹ ایورسٹ کی اونچائی کے حوالے سے مختلف سوالات اٹھائے جا رہے تھے۔