خبرنامہ انٹرنیشنل

واشنگٹن: ڈونلڈٹرمپ کی مہم کے انچارج پال مینا فورٹ مستعفی

واشنگٹن:(اے پی پی) امریکا میں انتخابی سرگرمیاں عروج پر ہیں، ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے انچارج مستعفی ہوگئے۔ صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے مینافورٹ کے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پال مینافورٹ نے استعفے کی پیشکش کی اور میں نے اسے منظور کر لیا ہے۔ ڈونلڈٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ مینا فورٹ کے کام کی بہت قدر کرتے ہیں اور انتخابی مہم جس مقام پر ہے، اس میں مینا فورٹ کی کاوشوں کا بہت دخل ہے، مینا فورٹ کو دو ماہ پہلے ہی ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کا انچارج مقرر کیا گیا تھا۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ پال مینا فورٹ کے مستعفیٰ ہونے کی وجوہات کیا ہیں۔ البتہ حالیہ کچھ دنوں میں ذرائع ابلاغ میں ایسی خبریں چھپی تھیں جن کے مطابق وہ یوکرین کے روس نواز صدر کے مشیر کے طور پر کام کرتے رہے ہیں۔ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنی انتخابی مہم کی ٹیم میں ردوبدل کیا تھا، ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کی ٹیم کی نگرانی اسٹیفن بینن کی سونپ دی، بینن ایک انتہائی معتبر نیوز ویب سائٹ برائٹ بارٹ کے ایگزیکٹیو چیئرمین ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی مہم کے سابق چیئرمین پال منفورٹ بھی الیکشن کمپین میں اپنے فرائض انجام دیں گے، اسی طرح ریپبلکن امیدوار کی سینیئر مشیر کیلیئین کانوے کو انتخابی مہم چلانے والی ٹیم کا منیجر بنا دیا گیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے متعدد متضاد بیانات کے بعد ان کی مقبولیت میں مسلسل کمی ہو رہی ہے جبکہ رپبلکن پارٹی کے کئی اعلیٰ عہدیداروں نے بھی ٹرمپ کی مخالفت کرتے ہوئے انھیں امریکی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیا ہے۔