واشنگٹن(آئی این پی )امریکی فیڈرل ایوی ایشن انتظامیہ (ایف اے اے) کا کہنا ہے کہ 2020 تک امریکا کی فضاؤں میں تقریباً 70 لاکھ ڈرون اڑ رہے ہوں گے۔ایجنسی کی ایک رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی کہ رواں سال کے آخر تک امریکا میں 25 لاکھ ڈرون زیر استعمال ہوں گے۔ایجنسی کے خیال میں ڈرونز ایوی ایشن میں سب سے زیادہ ترقی پانے والا شعبہ ہے۔تاہم، سویلین مارکیٹ میں ڈرونز کے استعمال کا انحصار مستقبل کی سیکیورٹی اور امریکی حکومت کے ریگولیٹری اقدامات پر منحصر ہو گا۔ایف اے اے کا کہنا ہے کہ پہلے ہی 2015 میں اس شعبے میں کئی ’ مثالی سنگ میل ‘عبور ہو چکے ہیں۔گزشتہ سال دسمبر میں ایف اے اے نے250 گرام سے زائداور 25 کلوگرام سے کم وزنی ڈرونزکی رجسٹریشن کے قوانین متعارف کرائے تھے۔ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا ’یہ رجسٹریشن قوانین تحقیقات میں معاون ہونے کے علاوہ ایف اے اے کو ڈیٹا اکھٹا کرنے میں بھی مدد کریں گے‘۔اندازوں کے مطابق، 2016 میں شوقیہ ڈرونز19 لاکھ سے تجاوز کر کے 2020 میں 43 لاکھ جبکہ کمرشل ڈرونز 6 لاکھ سے بڑھ کر 27 لاکھ ہو جائیں گے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایف اے اے اگلے کچھ مہینوں میں ڈرون استعمال کرنے سے متعلق حتمی قواعد و ضوابط متعارف کرا دے گی۔