خبرنامہ انٹرنیشنل

ورجینیا میں ہلیری کو شکست، ٹرمپ مزید 2 ریاستوں سے کامیاب

واشنگٹن: (اے پی پی ) ویسٹ ورجینیا میں امریکی صدارتی نامزدگی کیلیے ہونیوالے پرائمری انتخابات میں ڈیموکریٹک امیدوار برنی سینڈرز نے ہلیری کلنٹن کو شکست دے دی۔ ری پبلکن کے واحد امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ ویسٹ ورجینیا اور نیبراسکا سے کامیاب قرار پائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاستوں ویسٹ ورجینیا اور نیبراسکا میں ڈیموکریٹک پارٹی اور ری پبلکن پارٹی کے پرائمری انتخابات منعقد ہوئے۔ ویسٹ ورجینیا میں ڈیموکریٹ امیدوار برنی سینڈرز نے ہلیری کلنٹن کو شکست سے دوچار کر دیا۔ برنی سینڈرز انتخاب جیتنے کے بعد صدارتی امیدوار بننے کیلیے پْرامید ہے تاہم مجموعی طور پر وہ ہلیری کلنٹن سے پیچھے ہیں۔ آئندہ ماہ کیلیفورنیا کے پرائمری انتخابات جیتنے کی صورت میں وہ ہیلری کلنٹن کیلیے مشکلات کھڑی کر سکتے ہیں۔ دوسری جانب ری پبلکن پارٹی کے واحد صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے بہت جلد اسرائیل کا دورہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے اسرائیلی روزنامے حایوم میں بدھ کے روز چھپنے والے انٹرویو میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں بہت جلد اسرائیل جائوں گا۔ انھوں نے صدر اوباما کو آڑے ہاتھوں لیا اور انھیں ایران کے ساتھ گذشتہ سال جولائی میں جوہری معاہدہ طے کرنے پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔