خبرنامہ انٹرنیشنل

ویانا کانفرنس شام میں فائربندی کےمکمل نفاذ کا موقع ہے،ایران

ویانا:(اے پی پی) ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ شام سے متعلق ویانا کانفرنس فائر بندی کے مکمل نفاذ کا ایک موقع ہے۔ عالمی میڈیا کے مطابق ویانا میں شام سے متعلق کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ نے دہشتگرد گروہوں کی جانب سے شام، مشرق وسطی اور پوری عالمی برادری کو لاحق خطرے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ ان گروہوں کا مقابلہ کی ضرورت ہے اور اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دی جانی چاہئے کہ شام میں فائر بندی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یہ گروہ اپنے دہشت گردانہ اقدامات تیز کر دیں۔ انھوں نے کہا کہ ویانا کانفرنس، شام کے بحران کے حل کے لئے ایک بہترین موقع ہے اورایران کا شروع سے ہی یہ موقف رہا ہے کہ بحران شام کو صرف سیاسی طریقے سے حل کیا جا سکتا ہے۔ جواد ظریف نے کہا کہ بعض دہشتگرد گروہوں اور ان کے علاقائی و عالمی حامی ملکوں کے خیال کے برخلاف شام کے مسئلے کو فوجی طریقے سے ہرگز حل نہیں کیا جاسکتا۔