خبرنامہ انٹرنیشنل

وینزویلا میں امریکی مداخلت کے خلاف احتجاج

کراکس:(اے پی پی) وینزویلا کی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ، کاراکاس کے داخلی امور میں مداخلت کر رہا ہے۔وینزویلا کی وزیر خارجہ دلسی رودریگز نے وینزویلا میں امریکی اقدامات کے مقابلے میں اپنے ملک کے عوام کی ہوشیاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسی دستاویزات موجود ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ امریکہ، وینزویلا کے اندرونی معاملات منجملہ خوراک کی قلت کے بحران اور اقتصادی مسائل میں مداخلت کر رہا ہے۔ انھوں نے اپنے ملک کے خلاف امریکی پروپیگنڈے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے اس قسم اقدامات کا مقصد وینزویلا کی قانونی حکومت کا تختہ الٹنا ہے۔ واضح رہے کہ وینزویلا کے حکومت مخالفین نے، جنھیں امریکہ کی حمایت حاصل ہے، گذشتہ اتوار کو اعلان کیا تھا کہ انھوں نے اپنے ملک کے موجودہ صدر کی برطرفی کے لئے رفرینڈم کی حمایت میں 25 لاکھ دستخط جمع کئے ہیں۔ وینزویلا میں صدر کی برطرفی کے لئے ریفرنڈم، اس ملک کی تاریخ میں صرف ایک بار، 2004 میں ہوگو شاویز کی حکومت کے خلاف ہوئے تھے جو ناکام ثابت ہوئے تھے۔