ایک دوسرے کوتباہ کرنے کی دھمکیاں دینے والے ایک میزپرآگئے۔امریکی صدراور شمالی کوریا کےسربراہ نے باہمی اعتماد کی فضا قائم رکھنے پراتفاق کرلیا۔اڑتالیس منٹ کی تاریخی ملاقات میں ٹرمپ اور کم نے جامع اور تاریخی دستاویز پر دستخط کردیے۔
جو کل حریف تھے وہ آج حلیف بن گئے۔ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ اُن کی سنگا پور میں تاریخی ملاقات ہوئی اورسڑسٹھ سال بعد دشمنی کی برف پگھل گئی۔
دونوں سربراہوں میں اڑتالیس منٹ ملاقات ہوئی جس کے بعد جامع تاریخی دستاویز پر دستخط کیے گئے۔ملاقات سے پہلے دونوں رہنماؤں نےخوشگوارموڈ میں مصافحہ کیا،تصاویر بنوائیں جس کےبعداڑتیس منٹ تک پرائیوٹ ملاقات کی۔امریکی صدر نے ملاقات کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک میں تعلقات کا نیا باب شروع ہوگیا۔وہ اورکم جونگ اُن مل کر بڑے مسئلے پر قابو پالیں گے۔
کم جونگ اُن نےتلخ ماضی بھلا کر امن کی نئی صبح کی امید کا اظہار کیااور کہاکہ ماضی کےتعصب اور مسائل آگے بڑھنے میں رُکاوٹ بنے رہے۔دستاویزپردستخط کرنے سے قبل کم جونگ اُن نے کہا کہ ہم نے ماضی کو پسِ پشت ڈالنے کا فیصلہ کرلیا، دنیا اب بڑی تبدیلیاں دیکھے گی۔
دستاویز میں کیا ہے،یہ معلوم نہ ہوسکامگرصدر ٹرمپ نےاسےجامع قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ جلدہی اس بارے میں پریس کانفرنس کریں گے۔
امریکی صدر نے کم جونگ اُن کو بہت ہی قابل شخص قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ ایک زبردست دن ہے،آج کم جونگ اُن کے ساتھ اُن کا خصوصی تعلق بن گیا۔