خبرنامہ انٹرنیشنل

ٹرمپ آج عہدے کا حلف اٹھائیں گے

واشنگٹن:(ملت+اے پی پی) امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج عہدے کا حلف اٹھائیں گے جس کے لیے وہ واشنگٹن پہنچ گئے ہیں۔ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے کیپٹل ہل کی سیڑھیوں پر چیف جسٹس جان رابرٹس سے امریکا کے 45ویں صدر کے عہدے کا حلف لیں گے۔ تمام تر اختیارات کے ساتھ انھیں ایٹمی بٹن بھی مل جائے گا۔ انتہاپسند پادری فرینکلن گراہم حلف برداری کی دعا کرائیں گے جس کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنا افتتاحی خطاب کریں گے۔ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی اہلیہ کے ساتھ حلف اٹھانے سے 24 گھنٹے قبل گزشتہ روز واشنگٹن پہنچے، ٹرمپ ٹاور سے روانگی سے قبل 70 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ کی کہ سفر شروع ہوتا ہے اور امریکی عوام کے لئے اسے ایک عظیم سفر بنانے کے لئے میں سخت مقابلہ اور کام کرتا رہوں گا۔