خبرنامہ انٹرنیشنل

ٹرمپ نے انسداد انتہا پسندی پروگرام اسلام کے خلاف مخصوص کرنے پر غور شروع کردیا

واشنگٹن(ملت +آئی این پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انسدادِ انتہا پسندی (سی وی ای) پروگرام کا نام تبدیل کر کے انسدادِ بنیاد پرست اسلامی انتہا پسندی (سی آر آئی ای) یا انسدادِ اسلامی انتہا پسندی (سی آئی ای) پروگرام رکھنے کیلئے اپنے قریبی رفقا ء سے مشاورت شروع کردی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے انسدادِ انتہا پسندی پروگرام کا نام تبدیل کر کے انسدادِ بنیاد پرست اسلامی انتہا پسندی یا انسدادِ اسلامی انتہا پسندی پروگرام رکھنے کے لئے اپنے قریبی دوستوں سے مشاورت شروع کردی ہے، یہ حساس اطلاع ایسے 5 افراد نے فراہم کی ہے جو اس خفیہ میٹنگ میں موجود تھے لیکن اپنا نام ظاہر کرنا نہیں چاہتے۔نئے مجوزہ پروگرام کے تحت امریکا میں مسلمانوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی تاکہ وہاں اسلامی شدت پسندی کا قلع قمع کیا جا سکے اور داعش یا اس کے ہمدرد کبھی سر نہ اٹھا سکیں۔سی وی ای پروگرام میں تبدیلی اور مسلمانوں کے خلاف اس کے مخصوص ہوجانے کے بعد امریکا میں سفید فام نسل پرست گروپوں یا ایسے دوسرے شدت پسند عناصر کو کھلی چھوٹ مل جائے گی جو آئے دن مسلمانوں پر حملے کرتے رہتے ہیں اور مساجد کو آگ لگا کر اپنی نفرت کا کھلم کھلا مظاہرہ بھی کرتے رہتے ہیں۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکی صدارتی انتخابات میں حصہ لینے سے پہلے ہی اسلام کے خلاف نفرت اور خوف (اسلاموفوبیا) پھیلانے کے لئے سرگرم تنظیموں کو سب سے زیادہ چندہ دینے والے اہم ترین امریکی تاجروں اور صنعتکاروں میں شامل ہو چکے تھے جبکہ اپنی انتخابی مہم کے دوران بھی انہوں نے متعدد بار کھلے الفاظ میں اسلامی انتہا پسندی اور داعش کو باقاعدہ نام لے کر امریکا کے لئے شدید ترین خطرہ بھی قرار دیا تھا۔