خبرنامہ انٹرنیشنل

ٹرمپ کا شاہ سلمان سے ٹیلی فونک رابطہ ، شام میں میزائل حملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا

واشنگٹن (ملت آن لائن + آئی این پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے انہیں شام میں عسکری اہداف پر امریکا کے میزائل حملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا،شاہ سلمان نے امریکی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ خطے اور دنیا بھر کے مفاد میں ہے۔اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے علاوہ خطے اور عالم کی صورت حال بھی زیر بحث آئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے انہیں شام میں عسکری اہداف پر امریکا کے میزائل حملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔اس سے قبل سعودی وزارت خاجہ نے شام میں عسکری اہداف کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں کے لیے مملکت سعودی عرب کی مکمل تائید کا اظہار کیا تھا۔ یہ امریکی کارروائی شامی حکومت کی جانب سے بے قصور شہریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیار کے استعمال کیے جانے کے بعد کی گئی۔ کیمیائی حملے میں درجنوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جن میں عورتیں اور بچے شامل ہیں۔وزارت خارجہ کے ذرائع نے شام کے اس نوعیت کی فوجی کارروائی کا نشانہ بننے کا ذمے دار شامی حکومت کو ٹھہرایا اور امریکی صدر ٹرمپ کے اس دلیرانہ فیصلے کی حمایت کی جو شامی حکومت کی جانب سے اپنے عوام کے خلاف بدترین جرائم کا منہ توڑ جواب ہے۔امریکی بحریہ کے دو جنگی جہازوں نے جمعے کو علی الصبح شام کے اندر حمص میں الشعیرات کے عسکری اڈے پر ٹوماہاک نوعیت کے 59 کروز میزائل داغے تھے۔