خبرنامہ انٹرنیشنل

ٹرمپ کا ٹرانس پیسیفک معاہدے سے امریکا کو باہر نکالنے کا اعلان

واشنگٹن: (ملت+اے پی پی) امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ عہدہ صدارت سنبھالتے ہی وہ امریکا کو ٹرانس پیسیفک معاہدے سے باہر نکال لیں گے۔امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹرانس پیسیفک معاہدے کو امریکا کے لئے ایک المیہ قراردیتے ہوئے کہا کہ ان کی کوشش ہو گی کہ وہ منصفانہ اور دوطرفہ تجارتی معاہدوں کے بارے میں مذاکرات شروع کریں تاکہ امریکا میں روزگار کے مواقع فراہم کئے جا سکیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے انتقال اقتدار کے لئے مقررکی گئی اپنی ٹیم سے کہا ہے کہ وہ مختلف میدانوں منجملہ تجارت ، تارکین وطن کے معاملات اور سکیورٹی کے مسائل سے متعلق ترجیحات کی فہرست تیار کرے تاکہ نئی حکومت کے آغاو میں ہی اس سلسلے میں اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن کو امریکا سے نکال باہر کرنا بھی ان کی ترجیحات میں شامل ہو گا۔ٹرمپ نے دعوی کیا کہ وہ ملک میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ٹھوس قدم اٹھائیں گے۔