خبرنامہ انٹرنیشنل

ٹرمپ کی اہلیہ پر میشل اوباما کی تقریرچوری کرنےکا الزام

واشنگٹن:(اے پی پی) ریپبلکن پارٹی کے نامزد صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے متنازع بیانات کے باعث شدید عوامی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن ان کی اہلیہ بھی اب اپنے میاں کی صف میں کھڑی ہوگئی ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا پرالزام ہے کہ انہوں نے ریپبلکن پارٹی کے قومی کنونشن کے دن جو تقریر کی وہ موجودہ خاتون اول میشل اوباما کی 2008 میں کی گئی ایک تقریر کے مماثل تھی، میلانیا کی تقریر پرسوشل میڈیا پر بھی ایک نئی بحث جاری ہے جس میں عوام کا کہنا ہے کہ میلانیا نے اپنی تقریر میں وہی باتیں کہیں جو میشل اوباما نے 8 سال قبل ایک تقریب میں کہیں تھیں۔ میلانیا نے اپنی تقریر میں کہا کہ میرے والدین نے مجھے یہ اقدار سکھائیں کہ آپ زندگی میں جو چاہتے ہیں اس کے لیے کڑی محنت کریں، آپ کے الفاظ آپ کے وعدے ہیں، آپ جو کہیں وہ کریں اور اپنے وعدے پورے کریں۔ اسی قسم کے الفاظ مشل اوباما 2008 میں اپنی تقریر میں کرچکی تھیں اس لئے میلانیا کی تقریر کو مشل اوباما کی تقریر کا چربہ قرار دیا جارہا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری بحث میں ناقدین کا کہنا ہے کہ لگتا ہے کہ مسز ٹرمپ نے اپنی تقریر جلد بازی میں تیار کرائی ہے،ان کے پاس کہنے کو اس کے علاوہ اور کوئی مناسب الفاظ نہ تھے اسی لئے انہوں نے میشل اوباما کی تقریر کو توڑ مروڑ کر اپنے خطاب میں شامل کیا۔