خبرنامہ انٹرنیشنل

ٹرمپ کی تنقید پر سی این این کا کرارا جواب

ٹرمپ کی تنقید پر سی این این کا کرارا جواب
واشنگٹن:(ملت آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے متنازعہ ٹویٹس کے حوالے سے اکثر و بیشتر خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این پر بھی تنقیدی ٹویٹ کی لیکن سی این این کے جوابی ٹویٹ نے انہیں چپ کروا دیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ چند ایک نیوز چینلز کو چھوڑ کر بقیہ تمام نیوز چینلز پر جانبداری اور جھوٹی خبریں دینے کا الزام عائد کرتے ہیں اور اس سلسلے کا آغاز انہوں نے اپنی صدارتی انتخابی مہم سے شروع کر رکھا ہے۔ اب ایک بار پھر انہوں نے سی این این پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ، ’امریکی چینل فوکس نیوز امریکا میں سی این این سے زیادہ مقبول اور معتبر ذریعہ اطلاعات ہے، تاہم امریکا کے علاوہ دنیا بھر میں سی این این (جھوٹی) خبروں کا ایک بڑا ذریعہ ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ سی این این دنیا بھر میں امریکا کی نہایت بری نمائندگی کرتا ہے۔ بیرونی دنیا امریکا کے اندر کے اصل حقائق نہیں جان پاتی۔ جواب میں سی این این کی جانب سے ٹویٹ کیا گیا کہ ’یہ سی این این کا کام نہیں کہ وہ دنیا بھر میں امریکا کی نمائندگی کرے۔ یہ آپ کا کام ہے۔ ہمارا کام صرف ہونے والے واقعات کو رپورٹ کرنا ہے‘۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ان دونوں کی ٹویٹس کو لے کر بحث کا آغاز بھی ہوگیا جس میں کچھ افراد نے ٹرمپ جبکہ کچھ نے سی این این کے مؤقف کو درست قرار دیا۔