خبرنامہ انٹرنیشنل

ٹرمپ کی پیوٹن سے ٹیلی فون پر بات چیت

نیویارک: (ملت+اے پی پی) امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز روس کے صدر ولادی میر پیوٹن سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ امریکا کی صدارتی انتخابات کے دوران بھی دونوں راہنماؤں کے درمیان کئی بار بات چیت ہوئی تھی۔ڈونلڈ ٹرمپ کی عبوری ٹیم کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں راہنماؤں نے امریکا اور روس کو درپیش مشترکہ خطرات اور چیلنجوں پر گفتگو کی۔گفتگو میں سٹریٹجک اقتصادی امور اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ روسی حکام کے مطابق ولادی میر پیوٹن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ تمام معاملات گفت و شنید کے ذریعے حل کرنے کا یقین دلایا۔دونوں رہنماؤں نے عنقریب بالمشافہ ملاقات سے بھی اتفاق ظاہر کیا۔