خبرنامہ انٹرنیشنل

ٹرمپ کی کیوبا کو دھمکی

واشنگٹن: (ملت+اے پی پی) امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر کیوبا کی حکومت نے اپنی عوام اور امریکا کے ساتھ اچھا برتاؤ نہ کیا تو وہ دونوں ملکوں کے تعلقات کی بحالی کے معاہدے کو ختم کر دیں گے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکا کے نو منتخب صدر کا بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب کیوبا کے ہزاروں شہری انقلابی رہنما فیدل کاسترو کی موت کے سوگ میں ہوانا سکوائر میں جمع ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ اگر کیوبا نے اپنے عوام اور امریکا سے اچھا برتاؤ نہ کیا تو وہ تعلقات کے بحالی کے فیصلے کو ختم کر دیں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی انتخابی مہم کے دوران بھی کیوبا سے تعلقات ختم کرنے کی دھمکیاں دیتے رہے ہیں۔واضح رہے کہ امریکی وائٹ ہاؤس امریکی کانگریس سے کیوبا پر عشروں سے عائد پابندیوں کو ختم کرنے کی لابینگ کر رہا ہے۔