خبرنامہ انٹرنیشنل

ٹرمپ کےپارٹی رہنماؤں سےاختلافات، مقبولیت گرگئی

پاکستانی نژاد(اے پی پی ) امریکی فوجی خاندان پر تنقید اور مک کین اور پال رائن کی حمایت نہ کرنے کے اعلان پر ری پبلکن پارٹی چیف برہم ، ٹرمپ کو احمق قرار دے دیا۔ ٹرمپ کے پارٹی رہنماؤں سے اختلافات شدت اختیار کرگئے اور صدارتی مہم تنازعات کا شکار ہوگئی ہے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت 10 پوائنٹس تک گر گئی ۔ مسلمان امریکی فوجی کے خاندان کے خلاف متنازع بیان پر پارٹی کے سینئر رہنماؤں جان مک مکین اور پال ریان کی جانب سے تنقید کے بعد ٹرمپ نے دونوں رہنماؤں کی آئندہ ہونے والے پرائمری مقابلے میں حمایت سے انکار کردیا ہے، جس کے باعث ان کی انتخابی مہم بھی مزید بحران کا شکار ہوگئی۔ جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کو پہلے سے زیادہ متحد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہی امریکا کی قیادت کریں گے۔ تلخ کلامی اور معمولی باتوں پر جھگڑا کرنے کے شوقین ٹرمپ نے پارٹی کے سینئر مشیر کو بھی نوکری سے نکال دیا۔ نامزد صدارتی امیدوارکے جارحانہ اور متعصب رویے پر ریپبلکن نیشنل کمیٹی کے چیئرمین نے ٹرمپ کو احمق قرار دے دیا، ریپبلکن جماعت کی ڈونر میگ وٹمین نے ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جذباتی تقریروں نے قوم کو نقصان پہنچایا ہے۔ ریپبلکن جماعت کی حامی ایک تنظیم نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کے رویے پر گہری تشویش ظاہر کی، تنازعات کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت میں مسلسل کمی آرہی ہے۔ تازہ ترین سروے کے مطابق ہلیری کلنٹن کے مقابلے میں ٹرمپ کی مقبولیت دس پوائنٹس تک گر گئی ہے۔ ادھر فلوریڈا میں انتخابی ریلی سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے پارٹی اختلافات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کی انتخابی مہم متحد ہے ، وہ اوہایو اور فلوریڈا میں لیڈنگ پوزیشن میں ہیں ۔