خبرنامہ انٹرنیشنل

ٹرمپ کے حامیوں نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کو چیلنج کردیا

واشنگٹن: (ملت+اے پی پی) امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے تین ریاستوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی رکوانے کے لیے قانونی چارہ جوئی شروع کردی ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی صدارتی انتخاب میں گرین پارٹی کی صدارتی امیدوار جل سٹین نے ریاست وسکونسن، پنسلوانیا اور مشی گن میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ووٹوں کی دوبارہ گنتی کو روکنے کے لیے قانونی درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔جل سٹین کا کہنا ہے کہ ان کی مہم میں توجہ امریکا کے ووٹنگ نظام کی ایمانداری کو یقینی بنانا ہے۔ مشی گن میں رپبلکن کے اٹارنی جنرل بل شیوٹی نے سپریم کورٹ میں ایک درخواست جمع کرائی کہ ریاست میں ممکنہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کو روک دیا جائے۔اٹارنی جنرل بل شیوٹی نے کہا ہے کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے ٹیکس ادا کرنے والوں کے لاکھوں ڈالرز خرچ ہوں گے۔اس سے پہلے نومنتخب صدر کی ٹیم نے مشی گن کے الیکشن بورڈ میں 48 لاکھ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کو روکنے کی درخواست جمع کرائی تھی۔ نومنتخب صدر کے وکلا نے دلیل دی ہے کہ جل سٹین مشی گن میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی نہیں کرا سکتی کیونکہ ریاست سے انھیں صرف ایک فیصد ووٹ حاصل ہوئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق نومنتخب صدر کے وکلا نے پنسلوانیا میں جل سٹین کی درخواست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل روکنے کے لیے درخواست جمع کرائی ہے۔ فیڈرل قوانین کے تحت ریاستوں کے پاس تنازعات کو حل کرنے کے لیے 13 دسمبر تک کا وقت ہے۔