خبرنامہ انٹرنیشنل

ٹرمپ کے ہاتھوں شکست خوردہ ہلیری نے اپنی تنہائی ختم کردی

واشنگٹن: (ملت+اے پی پی) امریکی صدارتی انتخاب میں شکست کے بعد پہلی عوامی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے ہلیری کلنٹن نے ایک تقریر میں کہا ہے کہ ایک ہفتہ قبل ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت کے بعد وہ سخت مایوس ہو گئی تھیں۔ انھوں نے واشنگٹن ڈی سی میں منعقدہ تقریب میں کہا کہ وہ اس قدر مایوس تھیں کہ اپنے گھر سے باہر نہیں نکلنا چاہتی تھیں۔ انھوں نے بچوں کے ایک خیراتی ادارے کو بتایا کہ انتخابات نے بہت سے امریکیوں کو موقع دیا ہے کہ وہ اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں۔کلنٹن نے مجموعی طور پر زیادہ ووٹ حاصل کیے تھے لیکن وہ الیکٹورل کالج کی گنتی میں ڈونلڈ ٹرمپ سے پیچھے رہ گئیں۔ انھوں نے چلڈرنز ڈیفنس فنڈ کو بتایا کہ مجھے اعتراف ہے کہ یہاں آنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا، پچھلے ہفتے میں ایسے لمحے آئے جب میں کوئی اچھی کتاب لے کر بستر پر لیٹے رہنا چاہتی تھی اور میرا کبھی بھی گھر سے باہر نکلنے کو جی نہیں چاہتا تھا۔ میں جانتی ہوں کہ آپ میں سے بہت سے لوگوں کو شدید مایوسی ہوئی ہے، میں بھی مایوس ہوں، اتنی کہ الفاظ بیان نہیں کر سکتے۔ اپنی شکست کے بعد سے ہلیری کلنٹن نے خود کو محدود رکھا ہوا تھا، البتہ چند دن پہلے انھیں چہل قدمی کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔