خبرنامہ انٹرنیشنل

ٹر مپ کی عبوری ٹیم کی سربراہی منتخب نائب صدر کریں گے

واشنگٹن:(ملت+اے پی پی)امریکا کے نو منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی عبوری ٹیم کا کنٹرول نیو جرسی کے گورنر کرس کرسٹی کی جگہ منتخب امریکی نائب صدر، مائیک پینس کو سونپا جا رہا ہے، جو عبوری دور کے معاملات کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔نیو یارک ٹائمز‘ نے ٹرمپ کی انتخابی مہم کے قریبی ذرائع کے حوالے سے،ایک رپورٹ شائع کی ہے جس کے مطابق ٹرمپ نے اپنے مشیروں سے کہا ہے کہ وہ جنوری میں عبوری دور کی تبدیلی میں معاونت کی فراہمی کے لیے واشنگٹن کا تجربہ رکھنے والے، پینس کو سامنے لانے کے خواہاں ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس عمل کے بارے میں پینس کی مشاورت ایک انتظامی کمیٹی کرے گی، جس میں کانگریس کے ارکان شامل ہوں گے۔متوقع طور پر، عبوری ٹیم میں نیو یارک کے سابق میئر روڈی جولیانی کے ہمراہ ایک نائب سربراہ کے طور پر، کرسٹی بھی خدمات انجام دیں گے۔