کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں حملہ آور کی فائرنگ سے 13 افراد زخمی، جب کہ حملہ آور سمیت 2 افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق زخمی ہونے والی 9 سالہ بچی کی حالت تشویش ناک ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کے وسطی علاقے میں حملہ آور نے فائرنگ کرکے 13 افراد کو زخمی کردیا۔ فائرنگ سے ایک شخص ہلاک بھی ہوا۔ زخمی ہونے والوں میں ایک نو سالہ بچی بھی شامل ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، جس کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں حملہ آور مارا گیا۔ پولیس کے مطابق انہیں رات 10 بجے گریگ ٹاؤن میں حملے کی اطلاع ملی، جس کے بعد پولیس اہل کار فوری روانہ ہوئے۔
پولیس کے مطابق زخمیوں کی حالت کے مطابق فی الحال کچھ نہیں کہہ جا سکتا، تاہم زخمی ہونے والوں میں ایک 9 سال کی بچی بھی شامل ہے۔ پرائیوٹ نیوز ایجنسی گلوبل نیوز کے مطابق حملہ آور نے مرنے سے قبل پولیس پر بھی فائرنگ کی کوشش کی۔
عینی شاہدین کے مطابق انہوں نے علاقے میں گولیاں چلنے اور بندوق کو لوڈ کرنے کی بارہا آوازیں سنیں۔ واقعہ پر اونٹاریو کے میئر سمیت دیگر آفیشلز کی جانب سے حملے میں زخمی افراد اور اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے۔