خبرنامہ انٹرنیشنل

ٹوکیو میں فلیٹ سے 9 افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد

ٹوکیو میں فلیٹ سے 9 افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد

ٹوکیو: پولیس نے فلیٹ سے 9 افراد کی لاشیں اور اعضاء برآمد کرلیے جب کہ فلیٹ کے رہائشی 27 سالہ شخص کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

جاپانی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ لاپتا ہونے والی 23 سالہ لڑکی کی تلاش کے سلسلے میں پولیس نے فلیٹ پر چھاپا مارا جہاں سے خواتین سمیت 9 افراد کی لاشیں اور اعضا ملے جن میں 8 خواتین اور ایک مرد کی لاش ہے۔

پولیس نے فلیٹ سے 27 سالہ شخص کو بھی گرفتار کیا ہے اور اس نے پولیس کے سامنے کئی انسانی اعضا کوڑے کرکٹ میں پھینکنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔

ملزم کا کہنا ہےکہ اس نے شواہد مٹانے کے لیے لاشوں کو بری طرح خراب کیا تھا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے اور ملزم سے رابطوں کی بنا پر ایک 23 سالہ لڑکی کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق زیر حراست لڑکی نے خودکشی سے متعلق کچھ معلومات انٹرنیٹ پر شائع کی تھیں اور ایک متنازعہ ٹوئٹ بھی کیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ فلیٹ کے قریب سے حاصل ہونےوالے سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا ہےکہ ملزم اور یہ لڑکی گزشتہ ہفتے ایک ساتھ گھوم رہے تھے جب کہ لڑکی کے بھائی نے ستمبر میں اس کے لاپتا ہونے کی رپورٹ درج کرائی تھی۔
Advertisement