خبرنامہ انٹرنیشنل

ٹیڈ کروزاورجان کیسک کی مشترکہ حکمت عملی مایوسی پر مبنی اقدام ہے:ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن:(اے پی پی) رپبلکن پارٹی کی طرف سے بطور صدارتی امیدوار نامزدگی کی دوڑ میں شامل ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حریف کی جانب سے ان کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کو مایوسی پر مبنی اقدام قرار دیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق رپبلکن پارٹی کی صدارتی نامزدگی کی دوڑ میں شامل ٹیڈ کروز اور جان کیسک نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے حریف ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی ترتیب دیں گے۔ٹیڈ کروز اوریگن اور نیو میکسیکو ریاستوں میں انتخابی مہم ترک کر کے انڈیانا میں جان کیسک کی مدد کریں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ یہ دو کمزور امیدواروں کی سازش ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ دو تجربہ کار سیاستدان ایک ایسے شخص کے خلاف ملی بھگت کر رہے ہیں جو صرف 10 ماہ سے سیاست میں آیا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے رپبلکن پارٹی کی قومی کمیٹی کی مندوبین کے انتخاب کے طریقہ کار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس نظام کو میرے خلاف استعمال کیا گیا۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو مندوبین کی دوڑ میں واضح برتری حاصل ہے، تاہم انھیں نامزدگی حاصل کرنے کے لیے 1237 مندوبین کی ضرورت ہے اور وہ اس سے ابھی دور ہیں۔