خبرنامہ انٹرنیشنل

ٹیڈ کروزکی جانب سےصدارتی امید وارڈونلڈ ٹرمپ کی مخالفت

واشنگٹن۔:(اے پی پی) امریکا میں ریپبلکن پارٹی کے نیشنل کنونشن میں پارٹی کے رہنما ٹیڈ کروز کی جانب سے صدارتی امید وار ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت نہ کرنے پر وہاں پرمجود مندوبین نے ان کا مذاق اڑانا شروع کر دیا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ریاست ٹیکسس سے سینیٹر ٹیڈ کروز بھی ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہی صدارتی امیدوار کی دوڑ میں شامل تھے تاہم وہ اس میں کامیاب نہیں ہوئے۔ اس مقابلے میں دونوں ایک دوسرے کے سخت ترین حریف تھے۔ٹرمپ کو کامیابی ملی اور پارٹی انھیں آئندہ نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے باضابطہ طور پر اپنا امیدوار تسلیم کر چکی ہے۔اس کنونشن سے خطاب میں ٹیڈ کروز نے ٹرمپ کی حمایت کے بجائے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ووٹنگ میں ریپبلکنز اصولوں اور قدروں کی فتح ہو۔ ٹرمپ کی واضح طور پر حمایت نہ کرنے پر بہت سے مندوبین اور لوگ خطاب کے دوران ان پر جملے کستے رہے اور ان کا مذاق اڑایا۔نیو جرسی کے گورنر کرس کرسٹی نے ان پر نکتہ چینی کے انداز میں کہا کہ ان کا خطاب خوفناک اور خود اپنے لیے تھا۔سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ٹیڈ کروز جماعت کے ایک بڑے رہنما ہیں اور ان کا کھل کر ٹرمپ کی حمایت سے انکار کرنا کوئی چھوٹی بات نہیں ہے اور یہ اس بات کا مظہر ہے کہ ریبلکنز جماعت میں ٹرمپ کے حوالے سے اب بھی شدید اختلافات برقرار ہیں۔