خبرنامہ انٹرنیشنل

پاناما لیکس میں مذکور افراد سے تحقیقات کی جائیں گی،فرانسیسی صدر

پیرس:(اے پی پی) فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کے نام سے سامنے آنے والی دستاویزات میں شامل فرانسیسی شہریوں سے تحقیقات کی جائیں گی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند نے اپنے بیان میں کہا کہ ان دستاویزات میں درج تمام معلومات کی تحقیقات کی جائیں گی اور متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی ہو گی۔ واضح رہے کہ پاناما پیپرز کے نام سے لاکھوں خفیہ دستاویزات سامنے آئی ہیں، جن میں سمندر پار کمپنیوں اور کاروبار کی تفصیلات درج ہیں کہ کس طرح مختلف افراد نے ٹیکسوں سے بچنے کے لیے غیرقانونی طور پر سرمایہ بیرون ملک منتقل کیا۔