خبرنامہ انٹرنیشنل

پاکستانی خفیہ ایجنسی کے حمایت یافتہ دہشتگردوں کا سامنا ہے :افغانستان کی ہرزہ سرائی

کابل(آئی این پی)سابق افغان قائمقام وزیردفاع اور انٹیلی جنس کے سربراہ معصوم ستانگزئی نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان سیکورٹی فورسز کو پاکستانی خفیہ ایجنسی کے حمایت یافتہ دہشتگردوں کا سامنا ہے ۔منگل کو افغان میڈیاکے مطابق کابل میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معصوم ستانگزئی نے کہاکہ افغان فورسز ہمسایہ ملک کی انٹیلی جنس کے حمایت یافتہ دہشتگردوں کی طرف سے درپیش خطرات کا سامنا رکررہی ہیں۔ انکا کہنا تھاکہ این ڈی ایس کے اہلکار ملک کی قومی سلامتی اور استحکام کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ہمیشہ تیار ہیں۔ستانگزئی نے این ڈی ایس کے کارندوں کو ایک ’’خاموش فورس‘‘ قرار دیا جو ہمیشہ غیر ملکی سازشوں کے خلاف لڑنے کیلئے تیار ہیں۔انھوں نے صدر اشرف غنی ،چیف ایگزیکٹوعبداللہ عبداللہ اور عوام سے وعدہ کیا کہ دہشتگرد گروپوں کی طرف سے درپیش خطرات کے خلاف ملک کی حفاظت کیلئے تمام کوششوں کو بروئے کار لایا جائے گا۔