خبرنامہ انٹرنیشنل

پاکستانی وزیر اعظم بیلٹ اینڈروڈ فورم میں شرکت کریں گے

بیجنگ (ملت آن لائن + آئی این پی) چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے 14مئی سے منعقد ہونیوالے بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے بین الاقوامی تعاون میں پاکستان کے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی شرکت کی تصدیق کر دی ہے، بیلٹ اینڈروڈ فورم کا افتتاح چین کے صدر شی جن پھنگ کریں گے ، اجلاس میں بڑی تعداد میں عالمی رہنما بھی شریک ہوں گے، چین کے صدر نے ون بیلٹ ون روڈ کا منصوبہ ایک نئی شاہراہ ریشم کی تعمیر کیلئے پیش کیاتھا جس کا مقصد ایشیاء ، افریقہ اور یورپ کو ملانا ہے ، یہ مثالی پروگرام ہے جس میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر اربوں ڈالر خرچ کئے جائیں گے، چین نے اس مقصد کیلئے 40ارب ڈالر کا سلک روڈ فنڈمختص کیا ہے اور اس کے پیچھے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی مالی طاقت شامل ہے۔وزیر خارجہ نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ اجلاس میں شرکت کرنے والے رہنماؤں میں روس کے صدر ولادی میر پوٹن ، کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن سین ، میانمر کے اونگ سان سو کائی ، قازق صدر نورسلطان نذر بایوف ، ملائیشیا کے وزیر اعظم نجیب رزاق اور انڈونیشیا کے صدر جو کو وڈوڈو شامل ہیں ،بیلٹ اینڈ روڈ فورم اقتصادی تعاون کا فورم ہے اور یہ بین الاقوامی تعاون کیلئے پلیٹ فارم کا کام دیتا ہے، اس لئے ہر ایک اس طرف توجہ کررہا ہے، اس میں تعاون کررہا ہے اور اس میں شمولیت کا امید وار ہے ۔چین کو توقع ہے کہ فورم کے دوران 20ممالک اور 20سے زیادہ بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ تعاون کی دستاویز پر دستخط کئے جائیں گے ،چین ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کے روٹ پر ممالک کے ساتھ بنیادی ڈھانچے ، توانائی اور وسائل ،پیداواری استعداد ، تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے مل کر کام کرے گا۔فورم کے اجلاس کے دوران شرکاء بڑے منصوبے پیش کر ینگے ، ورکنگ گروپ قائم ہوں گے اور ایک سرمایہ کاری تعاون مرکز تشکیل دیا جائے گا ، چین تمام ممالک کے ساتھ مل کر اقدامات کرے گا جن میں مالی تعاون ، سائنسی پلیٹ فارم ، ٹیکنالوجی اور ماحولیاتی تحفظ ، تبادلوں اور نوجوانوں کی تربیت کے پروگرام شامل ہوں گے، شرکاء اپنے منصوبوں کی مدد کے لئے مالیاتی معاہدے بھی کریں گے ،چین اس فورم کو زیادہ کھلے پن اور بین الاقوامی تعاون کے پلیٹ فارم کے طورپر استعمال کرے گا تا کہ قریبی مضبوط شراکت داری نیٹ ورک قائم ہوسکے اور ایک زیادہ منصفانہ ، پائیدار اور متوازن بین الاقوامی گورننس سسٹم کی طرف سفر کیا جا سکے ۔