خبرنامہ انٹرنیشنل

پاکستان بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں بھرپور تعاون کررہا ہے

بیجنگ (آئی این پی) بیلٹ اینڈروڈ منصوبے کو مکمل کرنے میں پاکستان زبردست تعاون کررہا ہے کیونکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ بیلٹ اینڈ روڈ منصو بے کا ہی ایک حصہ ہے ،پاکستان کے علاوہ انڈونیشیا ، روس ، قزاقستان اور تھائی لینڈ بھی اس منصوبے کے ساتھ پورا تعاون کررہے ہیں ، اس منصوبے میں غیرملکیوں کی توجہ کا مرکز آٹوموبائل کی صنعت ، تعمیراتی سامان ، لوہے اور فولاد کی صنعت ، ریلوے اور مواصلاتی نظام کی ترقی خاص طورپر قابل ذکر ہے ، جنوبی ایشیائی ممالک آٹو موبائل ، لوہے اور سٹیل ، بجلی اور اطلاعاتی کمیونیکیشن کی صنعتوں میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں ۔یہ بات چینی سٹیٹ انفارمیشن سینٹر ( ایس آئی سی )کی ایک سالانہ رپورٹ میں کہی گئی ہے جو حال ہی میں چین نے شائع کی ہے، یہ رپورٹ دو جلدوں پر مشتمل ہے جسے ایس آئی سی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈو پنگ نے جاری کیا ہے ، پہلی جلد میں بیلٹ اینڈروڈ منصوبے کی تعمیر کا مکمل جائزہ لیا گیا ہے جبکہ دو سرے حصے میں اس سلسلے میں پیدا ہونیوالے اہم مسائل کا خصوصی تجزیہ کیا گیا ہے ، جن میں بین الاقوامی صنعتی تعاون ، علاقائی تعاون ، چینی کرنسی کی آئی ایم ایف میں شمولیت ، غیر ممالک میں ای کامرس کے ذریعے تجارت اور بعض عملی تجاویز بھی شامل ہیں ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان روڈ اینڈ بیلٹ منصوبے سے تعاون کرنے والا پرجوش ملک ہے کیونکہ سی پیک اس منصوبہ کا حصہ ہے جبکہ دیگر کئی ممالک بھی منصوبے کے ساتھ تعاون کررہے ہیں ۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس رپورٹ کیلئے 300ارب ڈیٹا مختلف ملکی اور غیر ملکی ایجنسیوں ، نیوز ویب سائٹس ، سوشل میڈیا اور دیگر فورم سے حاصل کیا گیا ہے اور یہ ان ساٹھ ممالک سے متعلق ہے جو بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے روٹ یا علاقے میں واقع ہیں ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مرکزی اور مشرقی یورپ کے کئی ممالک بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کیلئے چینی سرمایہ کاری کی خواہش رکھتے ہیں جبکہ شمال مشرقی ایشیائی ممالک ، صنعتی تعاون ، آٹوموبائل ، رئیل سٹیٹ ، ہائی وے اور بجلی پیداکرنے کے منصوبوں میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں ۔