خبرنامہ انٹرنیشنل

پاکستان دہشتگردوں کیلئےزرخیززمین ہے:افغان نائب صدر

کابل(آئی این پی) افغان نائب صدر جنرل عبدالرشید دوستم نے پاکستان کو دہشتگرد اور انتہا پسندگروپوں کیلئے زرخیز زمین قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کی فیکٹری ہے جو طالبان اور حقانی نیٹ ورک کے جنگجو پیدا کر رہی ہے جو افغانستان کے معصوم لوگوں کوقتل کررہے ہیں،پڑوسی ملک افغانستان میں دہشتگردی کے ذریعے اپنے سٹریٹیجک مقاصد کے حصول کیلئے کوششیں کررہا ہے ۔افغان میڈیا کے مطابق شمالی صوبہ جاؤزجان میں طالبان کے خلاف آپریشن کی قیادت کرتے ہوئے عبدالرشید دوستم کا کہنا تھاکہ گزشتہ دو روزسے جاری آپریشن کے دوران خطرناک کمانڈر ملا جنداللہ سمیت 17جنگجو ہلاک ہوچکے ہیں۔افغان فضائیہ نے فریاب کے ضلع داولت آباد اور گریزوان میں 10فضائی حملے کیے ہیں جس میں طالبان کے ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا ہے ۔انھوں نے الزام لگایا کہ پاکستان دہشتگردی کی فیکٹری ہے جو طالبان اور حقانی نیٹ ورک کے جنگجو پیدا کر رہی ہے جو افغانستان کے معصوم لوگوں کوقتل کررہے ہیں۔انکا کہنا تھاکہ ہزاروں طالبان نے پاکستان کے حوالے سے اپنی سوچ تبدیل کرلی ہے اور وہ اب پڑوسی ملک کی حمایت نہیں کررہے۔