خبرنامہ انٹرنیشنل

پاکستان سمیت دنیا بھرکے رہنماؤں کی فرانس میں حملے کی شدید مذمت

فرانس:(اے پی پی) پاکستان سمیت دنیا بھر کے رہنماؤں نے فرانس کے قومی دن کی تقریبات پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ امریکی صدر براک اوباما نے بھی نیس حملے میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے دہشت گردی قرار دیا اور فرانس کو حملے میں تعاون کی پیش کش کر دی۔ برطانیہ کی نو منتخب وزیراعظم تھریسامے نے بھی ہلاکتوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کینیڈین وزیراعٖظم نے بھی حملے پر فرانیسی حکومت اور عوام سے اظہار یکجہتی کی ہے جب کہ امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ فرانس میں ایک اور دردناک حملہ ہو گیا، ہم کب سیکھیں گے۔ پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے فرانس میں ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے، مشکل کی اس گھڑی میں فرانسیسی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں، ہمارے جذبات اور دعائیں متاثرین کے ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان اٹھایا لیکن دہشت گردی کے خلاف کے لئے پر عزم ہیں۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ بڑی تعداد میں بے گناہ جانوں کے ضیاع پر انتہائی افسوس ہے، دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں، سر زمینِ عالم سے ان کا خاتمہ ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا سے دہشت گردی اور ظلم و جبر کے خاتمے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل کی ضرورت ہے۔ فرانسیسی شہرنیس میں قومی دن کی تقاریب جاری تھیں کہ ٹرک میں سوار حملہ آور نے پہلے ہجوم پر گاڑی چڑھا دی اور پھر اتر کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 80 افراد ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہو گئے۔