خبرنامہ انٹرنیشنل

پاکستان سمیت دنیا بھر میں پولیو کے خاتمہ کا عالمی دن منایا گیا

لاہور۔24 اکتوبر(ملت + اے پی پی )پاکستان سمیت دنیا بھر میں پولیو کے خاتمہ کا عالمی دن سوموار کے روز بھر پور طریقے سے منایا گیا۔ اس موقع پر عالمی ادارہ صحت ، محکمہ صحت ، اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن ، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور صحت کے شعبہ میں خدمات سر انجام دینے والی این جی اوز کے زیر اہتمام کانفرنسز ، ورکشاپس، مذاکروں اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔ شر کاء کی طرف سے اس موقع پر اس عزم کا بھی اظہارکیا گیا کہ پاکستان کو پولیو فری خطہ بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ لہٰذا معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر اس عزم کا اعادہ کرنا ہو گا کہ پاکستان کوپولیو فری بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور پاکستان کا ہرفرد وطن عزیزکو پولیو سے نجات دلانے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریگا۔