خبرنامہ انٹرنیشنل

پاکستان نے ہمارے سفارتکار کو ملک بدر کرنے کا کوئی جواز فراہم نہیں کیا،بھارت

نئی دہلی (ملت + آئی این پی) بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوراپ نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی سفارتکار کو ملک بدر کرنے کا کوئی جواز فراہم نہیں کیا۔جمعہ کو بھارتی میڈیاکے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی سفارتی اہلکار سرجیت سنگھ کی سرگرمیوں کو سفارتی آداب کے خلاف قرار دینے سے متعلق پاکستان کے الزامات بے بنیاد ہیں۔پاکستانی حکومت نے ہمارے سفارتکار کوملک چھوڑنے سے متعلق کوئی جواز فراہم نہیں کیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے بھارت کے سفارتی اہلکار سرجیت سنگھ کی سرگرمیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ناپسندیدہ شخص قراردے دیااور29اکتوبر تک خاندان کے ہمراہ پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔ سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبا والا کو دفتر خارجہ طلب کر کے فیصلے سے آگاہ کیا۔سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ سرجیت سنگھ کی سرگرمیاں ویانہ کنونشن اور سفارتی آداب کی خلاف ورزی ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھارت نے بھی پاکستان کے سفارتی اہلکار محمود اختر کو ناپسندیدہ شخص قراردیکر ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔ ا نئی دلی پولیس نے پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکار محمود اختر کو فوج کے حساس نقشے رکھنے کے الزام میں حراست میں لے لیا تاہم بعد میں سفارتی استثنیٰ حاصل ہونے کے باعث اہلکار کو رہا کیاگیا اور انہیں48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔ بھارت میں متعین پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے سفارتی عملے کے اہلکار پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ سفارتی عملے سے بدسلوکی ویانا کنونش کی کھلی خلاف ورزی ہے۔