خبرنامہ انٹرنیشنل

پاکستان ودیگرملکوں میں ترقیاتی اہداف کےحصول کیلیے پرعزم ہیں، چین

بیجنگ:(اے پی پی) چین نے پاکستان اور دیگر علاقائی ممالک کے ساتھ باہمی شراکت داری کو توسیع دینے کیلیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے تاکہ ان ممالک میں ترقیاتی اہداف کو حاصل کیا جاسکے۔ چین نے اپنی موجودہ پالیسیوں کو نافذ کرنے اور غیرملکی تجارت میں اضافے کیلیے اپنے انتظامی طریقہ کار میں تیزی لانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ چینی حکومت نے 2013 سے ہی ایسی پالیسیاں جاری کی ہیں جن سے غیرملکی تجارت کی حوصلہ افزائی ہو سکتی ہے کیونکہ چین حالیہ برسوں میں عالمی سطح پر تجارتی لحاظ سے سب سے بڑے ملک کے طور پر ابھرکر سامنے آیا ہے۔ یہ بات ایک اجلاس میں کہی گئی جس کی صدارت چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے کی، اجلاس میں تجارتی پالیسی کے نفاذ اور اس کیلیے ضروری اقدامات اور مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ علاقائی ممالک کے ساتھ دوطرفہ مفادات پر مبنی تجارتی پالیسی کو مضبوط بنایا جائے۔ اجلا س میں مزید کہا گیا کہ عالمی مالیاتی بحران کے اثرات چین پر بھی پڑے ہیں اور چین کی غیرملکی سرمایہ کاری میں کمی ہوئی ہے، اس لیے ہمیں درآمدات اور برآمدات کے اضافے کیلیے کام کرنا چاہیے اور ایسے اقدامات کرنے چاہئیں جن سے غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکے۔