خبرنامہ انٹرنیشنل

پاکستان پر بھارتی سکھ نوجوانوں کو تخریب کاری کی تربیت دینے کا روایتی الزام

پاکستان پر بھارتی

پاکستان پر بھارتی سکھ نوجوانوں کو تخریب کاری کی تربیت دینے کا روایتی الزام

نئی دہلی(ملت آن لائن)بھارت کے وزیر داخلہ نے روایتی ہرزہ سرائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان میں سکھ نوجوانوں کو دہشت گردی کی تربیت دی جارہی ہے تاکہ وہ بھارت میں دہشت گرد کارروائیاں کر سکیں ۔بھارتی ٹی وی کے مطابق انہوں نے یہ بات پارلیمنٹری کمیٹی آن اسٹیمیٹس کے گوش گزار کی جس کے سربراہ سینئر بی جے پی لیڈر مرلی منوہر جوشی ہیں۔ کمیٹی کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کی گئی ہے۔بھارتی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان بھارتی پنجاب میں سکھ دہشت گردی کو زندہ کرنا چاہتا ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ یورپ، امریکہ اور کینیڈا میں رہائش پذیر سکھوں کو فرضی اور بدنیتی پر مبنی پراپیگنڈہ کی مدد سے بھارت کے خلاف مشتعل اور گمراہ کیا جا رہا ہے۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان سے سرگرم دہشت گرد گروپوں کے کمانڈروں پر بھارتی پنجاب اور ملک کے دیگر حصوں میں دہشت گرد کارروائیاں کرنے کے لیے دباؤ ہے۔ اس مقصد کے لیے پاکستان میں موجود سکھ دہشت گرد گروپ سکھ نوجوانوں کو ٹریننگ دے رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق نوجوانوں کو انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کی مدد سے بھی انتہا پسند بنایا جا رہا ہے۔ یہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔