خبرنامہ انٹرنیشنل

پاکستان پناہ گزینوں کوقبول کرنےوالا دوسرابڑا ملک، اقوام متحدہ

جنیوا:(اے پی پی) اقوامِ متحدہ کے پناہ گزینوں کے کمیشن (یواین ایچ سی آر) کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ پناہ گزینوں کو قبول کرنے اور پناہ دینے والے ممالک میں ترکی، پاکستان اور لبنان شامل ہیں۔ یواین ایچ سی آر کے مطابق ترکی 25 لاکھ افراد کو پناہ دے کر سرِ فہرست ہے اورپاکستان میں 18 لاکھ سے زیادہ افغان پناہ گزین ہیں لیکن ان کی اصل تعداد بہت زیادہ ہے جب کہ لبنان میں پناہ لینے والوں کی تعداد 11 لاکھ ہے۔ اقوامِ متحدہ نے کہا ہےکہ پوری دنیا میں فسادات، جنگ اور تنازعات کی وجہ سے اپنا آبائی علاقے سے نقل مکانی کے رحجان میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور اندازہ ہے کہ 2015 میں فی منٹ 24 افراد نے اپنا علاقہ چھوڑ کر کسی دوسرے علاقے میں پناہ لی۔ یواین ایچ سی آر کی طرف سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال 6 کروڑ 53 لاکھ افراد اپنا گھر چھوڑنے پر مجبور ہوئے جو 1996 کے مطابق 75 فیصد زائد اضافہ تھا۔ رپورٹ کے مطابق اگر گزشتہ برس دربدر بھٹکتے ہوئے افراد کو ایک جگہ جمع کیا جائے تو وہ دنیا کا 21 واں بڑا ملک بن جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق 2015 میں نقل مکانی کرنے والے افراد میں سے نصف تعداد بچوں کی تھی اور گزشتہ برس 98 ہزار سے زائد بچوں نے اپنا وطن اس صورت میں چھوڑا جب وہ تنہا تھے اور ان کے ساتھ کوئی اور نہ تھا جب کہ یہ ایک انتہائی خطرناک صورتحال ہے۔ یواین ایچ سی آر کے مطابق 2014 میں پناہ گزینوں کی تعداد کم تھی لیکن 2015 تک اس میں اضافے سے خود دوسری عالمی جنگ کے بعد دربدر ہونے والے افراد کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2015 میں سب سے زیادہ شامی مہاجرین متاثر ہوئے جن میں 66 لاکھ اندرون اور ایک کروڑ سے زائد افراد شام چھوڑ کر دیگر ممالک میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے۔ اس کے علاوہ گزشتہ 2 برسوں میں کانگو، عراق، نائجیریا، صومالیہ اوریمن وغیرہ سے لاکھوں افراد دوسرے علاقوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے۔