خبرنامہ انٹرنیشنل

پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرنا چاہیے، چین

پاکستان کی قربانیوں

پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرنا چاہیے، چین

بیجنگ(ملت آن لائن) چین نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے زبردست کوششوں کے ساتھ ساتھ بے پناہ قربانیاں دی ہیں، عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی غیر معمولی خدمات کو تسلیم کرنا چاہیے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ سے بریفنگ کے دوران ٹرمپ کی پاکستان پر حالیہ تنقید کے حوالے سے پوچھا گیا تو ترجمان نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں اور انسداد دہشت گردی کے عالمی مقصد کیلئے پاکستان نے غیر معمولی خدمات سرانجام دی ہیں اس لئے بین الاقوامی برادری کو پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرنا چاہیے،چین کو خوشی ہے کہ پاکستان علاقائی سلامتی اور استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی غرض سے باہمی احترام کی بنیاد پر انسداد دہشت گردی سمیت عالمی تعاون میں مصروف ہے،چین اور پاکستان تمام موسموں کے دوست ہیں اور ہم دونوں ممالک کے فائدے کے لیے ہر طرح کے تعاون کو فروغ دینے اور مضبوط بنانے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے انسداد دہشت گردی کے لئے بڑی کوششیں کی ہیں،پاکستان نے بین الاقوامی انسداد دہشت گردی کیلئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، چین اور پاکستان کو ہر ماحول میں اسٹریٹجک شراکت داری کو قائم رکھنا ہے، چین اپنے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے اور دونوں ممالک کے لوگوں کو مزید فائدہ پہنچانے کا خواہش مند ہے۔