خبرنامہ انٹرنیشنل

پاکستان کے ساتھ عزت سے پیش آنا چاہئے، برطانوی رہنماء

لندن : برطانوی حزب اختلاف جماعت لیبر پارٹی کے رہنماء جیریمی کوربن نے زور دیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ عزت سے پیش آنا اور دوسرے ممالک کو اس پر تنقید سے گریز کرنا چاہئے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سب کو ہر ممکن کردار ادا کرنا ہوگا۔

برطانوی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کے سربراہ جیریمی کوربن بی بی سی کو اپنے ایک انٹرویو کے دوران پاکستان کی حمایت میں بول اٹھے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں سے متعلق سوالات کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ عزت سے پیش آنا چاہئے اور اس پر باہر سے تنقید نہیں ہونی چاہئے، تمام ممالک کو دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہر ممکن کردار ادا کرنا ہوگا، اس بات کا اطلاق سب پر ہوتا ہے۔

وہ بولے کہ ٹرمپ کی افغانستان میں امریکی افواج کی تعداد میں اضافے کی نئی پالیسی افغانستان کے بارے میں ان کی ناکام پالیسی کا تسلسل ہے، میں اس کی حمایت نہیں کرتا، افغانستان کے مسئلے کا حل سیاسی مذاکرات ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا اب پاکستان میں دہشت گردوں کی قائم پناہ گاہوں کے معاملے پر مزید خاموش نہیں رہ سکتا، امریکا سے شراکت داری پاکستان کیلئے بہت سودمند ثابت ہوگی لیکن دہشت گردوں کا ساتھ دینے پر اس کیلئے مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔