خبرنامہ انٹرنیشنل

پنٹاگون نے انتظامی اخراجات کی مد 125 ارب ڈالر ضائع کیے

امریکی اخبار:(ملت+اے پی پی) کی رپورٹ کے مطابق محکمہ دفاع پنٹاگون نے انتظامی اخراجات کی مد 125 ارب ڈالر ضائع کیے ہیں ۔ تاہم کانگریس کے خوف کے باعث رپورٹ کو دبادیا گیا ہے ۔ امریکی اخبار واشنگٹن ٹائمز کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گزشتہ سال پنٹاگون کو ایک رپورٹ ارسال کی گئی تھی جس میں آئندہ پانچ برسوں کے دوران 125 ارب ڈالرز بچت کرنے کے لیے مختلف تجاویز دی گئی تھیں ۔ ان تجاویز میں ملازمین کی چھانٹیوں کی تجویز شامل نہیں تھی بلکہ بیورو کریسی کو منظم کرنے ، جلد ریٹائرمنٹ کا آغاز، انفارمیشن ٹیکنالوجی کا بہتر استعمال اور مہنگے کنٹریکٹرز سے نجات حاصل کرنے کی تجاویز دی گئی تھیں ۔ رپورٹ کے مطابق پنٹاگون اس وقت سالانہ تقریبا ًچھ سو ارب ڈالر دفاعی اخراجات کی مد میں خرچ کرتا ہے۔ اس میں رقم کا ایک بڑا حصہ ہیومن ریسورس، لاجسٹک اخراجات اور دنیا بھر میں امریکی فوجیوں کو سہولیات فراہم کرنے پر خرچ کی جاتی ہے۔ تاہم انتظامی امور پر بہت زیادہ اخراجات آتے ہیں۔ رپورٹ میں تجویز دی گئی تھی کہ بچائے جانے والے 125 ارب ڈالر کی رقم مزید جدید ہتھیاروں اور فوجیوں پر خرچ کی جاسکتی ہے ۔ ادھرپنٹاگون بیوروکریسی نے رپورٹ پر عمل کرنے کے بجائے اسے دبانے کو ترجیح دی ہے کیونکہ دفاعی بیورو کریسی کو خدشہ تھا کہ کہیں کانگریس اس رپورٹ کی بنیاد پر دفاعی اخراجات کے بل میں ہی کٹوتی نہ کردے ۔