دمشق:(آئی این پی )شامی صدر بشارالاسد نے کہا ہے کہ وہ پورے ملک میں اپنا کنٹرول بحال کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر کی جانے والی کوششو ں کے باوجود وہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔شامی صدر بشارالاسد نے خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ شام میں باغیوں کو شکست دینے میں کچھ وقت لگے گا، کیوں کہ انھیں بیرونی مدد حاصل ہے،، انھوں نے کہا وہ شام میں امن بحال کرنے کے لیے عالمی سطح پر کی جانے والی کوششوں کے باوجود وہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔شامی صدر نے کہا کہ سرکاری افواج بغیرکسی ہچکچاہٹ کے تمام شام کو واپس لینے کی کوشش کریں گی، لیکن علاقائی طاقتوں کی مداخلت کے وجہ سے معاملہ الجھا ہوا ہے،صدر نے اقوام متحدہ کی جانب سے ان کی حکومت پر جنگی جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات کی تردید کی، الزامات کو سیاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحقیقات کرنے والوں نے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا۔