خبرنامہ انٹرنیشنل

پولینڈ زیادہ تعداد میں مہاجرین کواپنےہاں پناہ دے، پاپائےروم

وارسا(آئی این پی) پاپائے روم فرانسس نے پولینڈ کی قدامت پسند حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ زیادہ تعداد میں مہاجرین کو اپنے ہاں پناہ دے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق پولینڈ کے دورے پر گئے ہوئے پاپائے روم فرانسس نے وہاں کی قدامت پسند حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ زیادہ تعداد میں مہاجرین کو اپنے ہاں پناہ دے۔ رومن کیتھولک چرچ کے سربراہ نے پولینڈ کے صدر آندرے ڈوڈا اور خاتون سربراہِ حکومت بیٹا شیڈو کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ جنگ اور بھوک سے بچنے کے لیے گھر بار چھوڑنے والوں کے ساتھ یک جہتی کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے۔ پولینڈ یورپی یونین کے دیگر رکن ملکوں کے مقابلے میں مہاجرین کی زیادہ بڑی تعداد کو قبول کرنے سے انکار کر رہا ہے۔ پوپ پولستانی شہر کراکوف میں ورلڈ یوتھ کانگریس میں بھی شرکت کریں گے، جس میں دنیا بھر سے پانچ لاکھ سے زیادہ نوجوان مسیحی شریک ہیں۔