خبرنامہ انٹرنیشنل

پڑوسی کےمرغ سےتنگ سعودی شہری عدالت جاپہنچا

ریاض (آئی این پی )سعودی عرب میں پڑوسی کے مرغ سے تنگ ایک شہری عدالت جا پہنچا اور شکایت درج کرا دی ،سعودی قانون کے مطابق اگر مرغ کی بانگ سے پڑوسیوں کے آرام و سکون میں خلل پڑے تو مرغ کے مالک کو کوڑوں ، جیل اور جرمانوں کی سزا ہو سکتی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی الاحسا گورنری کی الھفوف بلدیہ میں ایک شہری نے اپنے پڑوسی کے گھر میں رکھے مرغ کے بارے میں شکایت کی ہے اور کہا ہے کہ مرغ کی بانگ سے نہ صرف اس کے بچے بلکہ دیگر پڑوسی بھی پریشانی اور بے سکونی کا سامنا کرتے ہیں۔ الاحسا میں یہ اپنی نوعیت کا منفرد کیس ہے ۔ذرائع کے مطابق حکومت نے معاملہ رفع دفع کرنے کے لیے فریقین میں مصالحت کی کوشش کی ہے تاہم اگر مرغ کی بانگ پڑوسیوں کو مسلسل مضطرب رکھے تو اس کے مالک کو سزا بھی ہوسکتی ہے۔اگر کسی شخص کے گھرمیں موجود پالتو جانوروں سے دوسرے انسانوں کے آرام و سکون میں خلل آئے تو ان جانوروں کے مالک کو کوڑے، جیل اور جرمانوں جیسی سزائیں بھی دی جاسکتی ہیں۔