خبرنامہ انٹرنیشنل

پکتیا میں ڈرون حملوں میں 120طالبان کی ہلاکت کا دعویٰ

کابل :(اے پی پی) افغانستان کے مشرقی صوبہ پکتیا میں ڈرون حملوں میں 120طالبان کی ہلاکت کا دعویٰ کیاگیاہے، پروان میں سیکیورٹی فورسز نے 5خودکش حملہ آوروں سمیت 13عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا،ہلمند میں بارودی سرنگ کے دھماکہ میں 6شہری ہلاک ہوگئے،قندوز میں ایک دھماکہ میں 4پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق پولیس اوانتظامی حکام نے بتایا کہ گزشتہ روز پکتیا کے اضلاع جانی خیل اورڈنڈ پٹان میں جاسوس طیاروں نے طالبان کے کئی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس میں 120طالبان ہلاک ہوگئے۔حکام کے مطابق ان حملوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ضلع جانی خیل پر تین روز قبل طالبان نے کنٹرول حاصل کرلیا تھا۔دوسری جانب طالبان کے ایک ترجمان نے سرکاری دعووں کومسترد کردیا ہے۔شمالی صوبہ پروان میں سیکیورٹی فورسز نے 5خودکش حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے۔افغان وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہاگیاہے کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع سیاگرد میں دہشت گردی کی ایک بڑی منصوبہ بندی کو ناکام بنا دیا ہے۔بیان میں کہا گیاہے کہ فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 13عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا جن میں 5خودکش حملہ آور بھی شامل ہیں۔جنوبی صوبہ ہلمند میں بارودی سرنگ کے دھماکہ میں 6شہری ہلاک ہوگئے۔حکام کے مطابق گزشتہ روز ضلع نوا میں ایک پرائیوٹ کار سڑل کنارے نصب بارودی سرنگ کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں 6شہری ہلاک ہوگئے۔مرنے والوں میں خواتین اوربچے بھی شامل ہیں۔اسی ضلع میں طالبان نے ایک کارروائی میں دو حقیقی بھائیوں کو قتل کردیا ہے۔شمالی صوبہ قندوز میں ایک دھماکہ میں 4پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔حکام کے مطابق دھماکہ ضلع خان آباد میں ہوا جس میں ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔جنوبی صوبہ ارزگان میں طالبان نے 5مسافروں کواغواء کرلیا۔یہ واقعہ ضلع ترین کوٹ میں پیش آیا۔