کراچی:(اے پی پی) میکسیکو ائیرپورٹ پر ایک سکھ اداکار کو پگڑی کی وجہ سے ہوائی جہاز پر سوار ہونے سے روک دیا گیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق بھارتی نژاد امریکی ڈیزائنر وارث اہلو والیا کوایرو میکسیکو کے جہاز پر سوار ہونے سے اس وقت روک دیاگیا جب انھوں نے اپنی پگڑی اتارنے سے انکار کیا۔ ایرو میکسیکو کا کہنا ہے کہ یہ سکیورٹی اقدامات تھے اور اگر اس سے کسی کو پریشانی ہوئی ہے تو انھیں افسوس ہے-اہلو والیا نے انسٹاگرام پر اپنی تصاویر ڈالیں اور ان کے ٹکٹ پر ’SSSS‘ کی مہر لگی تھی جس کا مطلب ہے کہ انھیں دوبارہ سکیورٹی چیکنگ کے لیے جانا ہوگا۔ اس مقصد کے لیے مسافروں کا انتخاب مخصوص پیمانے پر نہیں ہوتا۔ اہلووالیا کا کہنا ہے کہ یہ ایسا کام ہے جو وہ سب کے سامنے نہیں کر سکتے۔ یہ ان کے لیے ایسا ہی ہے جیسے انھیں سب کے سامنے کپڑے اتارنے کے لیے کہا جائے۔ انہوں نے عملے سے کہا کہ وہ علیحدہ کمرے میں جا کر ایسا کرنے کو تیار ہیں لیکن انھیں کہا گیا کہ وہ اس جہاز پر سفر نہیں کریں گے وہ دوسرا ٹکٹ کروا لیں۔